واشنگٹن(صباح نیوز) پاکستان کے لیے نامزد نئے امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا ہے کہ وہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش کریں گے،خطہ2جوہری ممالک
میںجاری کشیدگی کو برداشت نہیں کر سکے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے کیا۔ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا کہ وہ پاکستان سے تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے پر زور دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ امریکا بھارت اور پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے۔نامزد سفیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو آپس کے دو طرفہ تعلقات کا دائرہ اور ان کی نوعیت کے بارے میں خود فیصلہ کرنا ہو گا۔ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات امریکی مفادات کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ اور داعش سمیت دیگر گروہوں کے خلاف امریکا اور پاکستان مشترکہ کارروائی کریں گے جبکہ پاکستان کو لشکر طیبہ اور جیش محمد سمیت دیگر گروہوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا کہیں گے۔
The post پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر وں گا‘ امریکی سفیر first appeared on Daily Jasarat News.
