اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کر سکتا۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول کی برسی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا دن پوری قوم کو المناک سانحے کی یاد دلاتا ہے، شرپسند عناصر نے ہمارے مستقبل کمسن بچوں پر حملہ کر کے انہیں شہید کیا، بہادر اساتذہ اپنے طالبعلموں کی حفاظت کے لیے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، دہشت گردی کے پیچھے وہ بزدلانہ سوچ ہوتی ہے جو ناپاک عزائم کے لیے بچوں کو استعمال کرسکتی ہے، بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف مزید بلند ہوئے، آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، سانحہ اے پی ایس کے بعد پوری قوم متحد ہوئی۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دشمنوں کو ان کے ٹھکانوں میں ڈھونڈ کر نشانہ بنایا، ، قوم کے حوصلے کو شر پسند عناصر نے جب بھی متزلزل کرنے کی کوشش کی، منہ کی کھائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عہد کریں فرقہ ورانہ، مذہبی اور نسلی تعصب، تفرقہ پھیلانے والوں کے خلاف کھڑے رہیں گے، ناپاک سیاسی عزائم کے لیے ایسے ہتھکنڈے اپنانے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے، قوم عہد کرے اپنی صفوں میں موجود ان عناصر کی نشاندہی کرکے تدارک میں ریاست کا ساتھ دے گی، قائداعظم کا فرمان ہے کہ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو نقصان پہنچا سکے۔

