حیدرآباد(جسارت نیوز)سیکریٹری کھیل و امور نوجوان سندھ اختر عنایت بھرگڑی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنے تمام وسائل بروکار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیاز اسٹیڈیم میں بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے انکی سرپرستی کی جائے تاکہ یہ اپنے صوبے اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں محکمہ اسپورٹس کی جانب سے حیدرآباد کلب میں ایک اسقبالیہ دیا جائیگا۔ اس موقع پر حیدرآباد کرکٹ کلب آف دی بلائنڈکے نائب صدر نعیم احمد نے مہمان خصوصی و دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا،تقریب کے آغاز میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے لئے خصوصی دعا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پاکستان کا قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔واضح رہے کہ 20دسمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں 6ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں گلگت بلتستان فیصل آباد شیخو پورا، اوکاڑا کراچی اور حیدرآباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔
