English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ کشمیر : مزید 2 نوجوان شہید ، فون انٹرنیٹ سروس بند ، آج ہڑتال ہوگی

القمر

 

سری نگر (اے پی پی+مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کولگام میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔جس کے بعد شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 6ہوگئی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ریڈونی میں
محاصرے کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے جبکہ بھارتی فوجی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کوآپریشن والے مقام کی طرف جانے کی اجازت نہیں ۔دریں اثنا حریت تنظیموں نے حال ہی میں سری نگر میں بھارتی پولیس کی طرف سے ایک خاتون اور اس کی بیٹی کی گرفتاری کے خلاف اور غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کے لیے آج مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق ہڑتال کی کال جموں و کشمیر مسلم لیگ، جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر مسلم خواتین مرکز، جموں و کشمیر مسلم کانفرنس، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ ، کشمیر ریزسٹنس موومنٹ ، جموں و کشمیر جسٹس لیگ، جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ اور جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے دی ہے ۔ ہڑتال کا مقصد بھارتی فوجیوںکی طرف سے جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کے قتل کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا بھی ہے۔حریت تنظیموں نے سری نگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے ہیں جن میں کشمیریوں سے جمعہ کومکمل ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے ۔ پوسٹروں پر’’کشمیری نظربندوںکو رہا کرو، شہدا کی میتیں واپس کرو، ہمارے وسائل کی لوٹ مار بند کرواور جعلی مقابلوںمیں کشمیریوں کا قتل بند کرو‘‘جیسے نعرے درج ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اور جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے وائس چیئرمین سید اعجاز رحمانی نے اپنے بیانات میں سری نگر میں ایک خاتون اور اس کی بیٹی کی گرفتاری کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوںمیں شہید ہونے والے کشمیریوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے