سری نگر(اے پی پی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)کی صدر محبوبہ مفتی نے کشمیریوں سے اپنے چھینے گئے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ دفعہ370 کی منسوخی کے بعد علاقے کی صورتحال بد سے بدتر ہوگئی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع پونچھ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے دفعہ370 کو منسوخ کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کو غلط، غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے وقار اور عزت سے کھیلا ہے ، موجودہ حالات کے پیش نظر سب سے بڑی ذمے داری نوجوانوں پر عاید ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد حالات مزید خراب ہوئے ہیں اوربھارت ہم سے نہ صرف ہماری زمین اور نوکریاں چھین رہاہے بلکہ اس نے ہماری عزت اور وقار سے بھی کھلواڑ کیا ہے، وہ اس وقت تک نہیں رکے گا جب تک وہ ہمارے وجود کو ختم نہیں کر دیتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ جموں و کشمیر کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں تو ان کے سامنے واحد راستہ یہ ہے کہ وہ عزم اور اتحاد کے ساتھ اپنے چھینے گئے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں ورنہ بھارت ہم سے سب کچھ لوٹ کر لے جائے گا۔
