English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پہلے حکمرانوں کی چھٹی پھر ہم سے بات کرو ،حکومت سنبھال لیں گے،زرداری

   شہید بینظیرآباد:پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ظہرانے سے خطاب کررہے ہیں

نوابشاہ(نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلے ہی روز کہا تھا نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، نیا پاکستان بنانا بہت آسان ہے لیکن تحریک انصاف نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کر دیا،ملک چلا نے کے لیے تیار ہیں لیکن پہلے ان حکمرانوں کی چھٹی کرو، پھر ہم سے بات کرو،زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ، نواب شاہ کے دورے پر نکلا تو ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے۔چودھری طارق مسعود آرائیں کے ظہرانے میں آصف زرداری نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ میں نے اسمبلی میں پہلے ہی روز کہہ دیا تھا یہ حکومت نہیں چلے گی، تجربات کرکر کے ملک کا بیڑا غرق کر رہے ہیں،جب بھی ملک پر مشکلات آئیں پیپلز پارٹی نے ملک کا ساتھ دیا ،ہماری جماعت ہی ہے جو ملک کو چلا اور سنبھال سکتی ہے،ہم اب بھی تیار ہیں لیکن بات سیدھی ہے کہ پہلے ان حکمرانوں کی چھٹی کرو، پھر ہم سے بات کرو تو پھر ہم ملک سنبھالیں گے۔ سابق صدر مملکت نے کہا کہ سپر پاور نے کہا تم سپر پاور ہو لیکن میں نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل سے ہم واقف ہیں،ملک کے تمام مسائل پیپلز پارٹی ہی حل کر سکتی ہے، ڈالر 180کا ہوگیا ہے،جتنے ہمارے قرضے تھے موجودہ پی ٹی آئی کیحکومت میں ڈبل ہوگئے ہیں، ملک پر باہر کے لوگ مسلط کیے گئے ہیں، پہلے ہی روزکہا تھا نیب چلے گی تو حکومت نہیں چلے گی، نیا پاکستان بنانا بہت آسان ہے لیکن تحریک انصاف نے پرانے کا بھی بیڑا غرق کر دیا۔آ صف زرداری کا کہنا تھا کہ نواب شاہ کے دورے پر نکلا تو ڈر تھا کہ کوئی انڈہ نہ دے مارے،زندگی موت کا کوئی بھروسہ نہیں ، اللہ قبر تک ایمان دے،جیل گیا تھا تو بتا کر گیا،ہم نے اپنے دور حکومت میں روزگار دیا، اب لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں،15برس آگے اور15برس پیچھے دیکھیں تو فرق نظر آجائے گا ، ملک چلانے اور سنبھالنے کے لیے ایک سوچ ہوتی ہے،بی بی شہید پر کیس بنایا گیا کہ تم نے نوکریاں دیں، محترمہ شہید نے کہا میں روزگار دیتی رہوںگی تو آپ لوگ کیس بناتے رہنا ، پرویز مشرف حکومت میں چینی اورآٹے کا بحران پیدا ہوا اور چینی و آٹا امپورٹ کیا جانے لگا تھا تو ہم نے اقتدار میں آکر ایک سال میں بحران ختم کیا اوران اشیا کو ایکسپورٹ کرنا شروع کیا، عوامی طاقت کے خلاف جو بھی آئے گا چاہے وہ سردار ہو میر ہو یا پیر، سب یاد رکھیں کہ ووٹ عوامی ، ووٹ ہمارا اور آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے