سرگودھا:صوبائی کوآرڈینیٹر گڈ گورننس پنجاب کرنل ریٹائرڈ اعجاز مہناس نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو سرگودھا ڈویژن میں کیمیکل ملا دودھ تیار کرنے والی فیکٹریوں اور ڈیریوں کو سیل کر کے مشینری ضبط کر نے اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کروانے کی ہدایات دیں ہیں۔تاکہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کی سرکوبی ہو سکے۔
زرائع کے مطابق صوبائی کوآرڈی نیٹر گڈگورننس پنجاب کرنل ریٹائرڈ اعجاز منہاس نے ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ کے ہمراہ ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے عوامی نمائندوں پر زور دیاکہ عوام کے حقیقی مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ گڈگورننس کو حقیقت بنایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اورانتظامیہ کی نیک نامی کیلئے عوامی مسائل کا حل ہونا بنیادی شرط ہے ۔
انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی مضبوط ‘ پائیدار اور بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام ان سے استفادہ کر سکے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اربن ایریا کی یونین کونسلوں کی اراضی کی کمپیو ٹرائزیشن کیلئے جدید ترین نظام وضع کر لیاگیا۔جس سے ملکیت کے ثبوت کی فراہمی میں نقائص دور ہو جائیں گے۔

