کراچی: برادر اسلامی ملک کویت کی فلاحی تنظیم انٹرنیشنل اسلامک چیری ٹیبل آرگنائزیشن کی جانب سے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن اور تھر پارکر کے مختلف علاقوں میں سفید پوش اورمستحق طبقے میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا گیا۔
راشن میں آٹا ، چاول ، چینی، دالیں، کھانے کا تیل ، گھی، چائے کی پتی ، مصالحہ جات اور دوسری ضروری استعمال کی اشیاء شامل تھی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے فلاحی تنظیم کے کنٹری ڈائریکٹر عبد الحئی انیس، ناصر عباسی اور دوسرے مقررین نے کہا کہ کویت کی جانب سے پاکستانی بھائیوں کی امداد امتِ مسلمہ کی درد مندی کا اظہار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی قدرتی آفت کے نیتجے میں ہونے والی مشکلات سے نمٹنے کے لیے حکومتوں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی رفاہی تنظیمیں اور مخیر حضرات جو تعاون کرتے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔ راشن حاصل کرنے والوں نے فلاحی تنظیم کے لیے تشکر کے جذبات کا اظہار کیا ۔

