جموں کشمیر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے پورے جموں و کشمیر کو ایک تجربہ گاہ میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں ظلم وجبر کرکے روزانہ تجربات کیے جارہے ہیں۔ مودی سرکاراپنے عزائم کی تکیمل کےلئے کشمیر میں بھارتی فوج کو استعمال کر رہی ہے
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی کاکہناتھا کہ مودی حکومت اب مقبوضہ علاقے میں اپنے عزائم کی تکمیل کیلئے بھارتی فوج کو استعمال کر رہی ہے جیسا کہ محکمہ بجلی کے ملازمین کی حالیہ ہڑتال کے دوران کیاگیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کے عوام ملک میں ملازمین کی ہڑتال کو ختم کرانے کیلئے فوج کو استعمال ہوتے دیکھیں گے، بی جے پی بھارتی آئین کابالکل بھی احترام نہیں کرتی اوراس کا اندازہ دفعہ370 اور 35Aکی منسوخی کے مودی حکومت کے فیصلے سے ہوتا ہے ،کیونکہ بھارتی آئین میں صرف جموں و کشمیر اسمبلی کو ہی ایسا کرنے کا اختیار حاصل تھا لیکن بی جے پی نے یہ فیصلہ خود سے پی کر لیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں بھارتی آئین کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ علاقے میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی صنعت لگائی گئی ہے جیسا کہ بی جے پی نے خصوصی حیثیت کی منسوخی سے قبل وعدہ کیاتھا۔انہوں نے کشمیریوں خصوصا نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی کھوئی ہوئی عزت و وقار کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کریں ۔

