کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین رمیز راجانے کہا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کو 5اسٹار ہوٹل سے رات گئے بیدخل کرنے پر بہت دکھ ہوا۔ اس سلسلے میں انکوائری شروع کردی ہے۔ وہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہویے کہا کہ میں گرائونڈ سے جڑا ہوا بندہ ہوں، کسی بھی قسم کی
خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتا، قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کو ہوٹل سے نکالنے کی انکوائری شروع کردی ہے،پی سی بی کے بے شمار پلانز ہیں، پلانز پر عمل درآمدکیلیے کمرشل مضبوطی کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات کراچی میں معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی سے ملاقات کے بعد کہی جس میں کرکٹ پروموشن کیلیے مختلف آپشنز پر گفتگو کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ ہمیں پیسوں کی سخت ضرورت ہے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی حالت بہت خراب ہے، چیمپئنزٹرافی سے پہلے اسٹیڈیم کی تزئین وآرائش اولین ترجیح ہے۔رمیز راجا نے کہا کہ کرکٹ میں بہتری لانے کیلیے کوشاں ہیں، جونیئرکرکٹرز کیلیے پلاننگ کر رہے ہیں، پی سی بی کے بے شمار پلانز ہیں، پلانز پر عمل درآمد کیلئے کمرشل مضبوطی کی ضرورت ہے۔ غریب کے بچوں کو سپر اسٹار بنائیں گے، ٹیکنیکل کام جونیئرسطح پرہی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کے اطراف خالی جگہ پر کلب ہائوس اور5 اسٹار ہوٹل بنانا چاہتے ہیں جبکہ 11 سال کے بچے کو ٹیسٹ کرکٹر بنانے پر بھی کام کرنا ہے۔اس موقع عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کو کلب ہائوس بنائیں گے جب کہ اسٹیڈیم کے قریب ٹیموں کیلیے ہوٹل بھی قائم کیا جائے گا۔
