
کراچی(اسٹاف رپورٹر) الخدمت خواتین کے تحت ’’ سب رنگ فیسٹیول ‘‘جمعرات کی شام ختم ہوگیا ۔2روزہ فیسٹیول میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر اسکول کی طالبات اور بچیوں نے بھی سب رنگ فیسٹیول کا دورہ کیا ۔سب رنگ فیسٹیول میں خواتین کے ہاتھ سے بنی اشیا نمائش کے لیے رکھی گئی تھیں ۔اس نمائش کا مقصد مستحق اور ضرورت مند
خواتین کو خودکفیل بنانا تھا ۔فیسٹیول میں خواتین کے ہا تھ سے بنی اشیا ،ملبوسات ،حجاب اور خواتین کے استعمال کی دیگر اشیا کے اسٹالز لگائے گئے ،جہاں انتہائی ارزاں نرخوں پر یہ اشیا دستیاب تھیں ۔اس موقع پرصدر الخدمت خواتین منور اخلاص و دیگر ذمے داران موجود تھیں۔ فیسٹیول میں آنے والی خواتین نے الخدمت خواتین کی اس کاوش کو سراہا اورامید ظاہر کی کہ اس طرح کے فیسٹیول کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔اس موقع پر منور اخلاص نے کہا کہ الخدمت خواتین معاشرے کی غیر ہنر مند خواتین کو ہنر سکھانے اور انہیں خو د کفیل بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے ،جب خواتین ہنر مند ہوں گی توخاندان خوشحال ہوگا ۔منور اخلاص نے کہا کہ الخدمت خواتین جہاں زندگی کے دیگر شعبہ جات میں کام کر رہی ہیں، وہاں ان کے لیے ہم نے اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر بھی قائم کیا ہوا ہے ،جہاں خواتین کو مختلف ہنر سکھائے جاتے ہیں ۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ اس نیک مشن میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔
