کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی محتسب کے شکایات کمشنر برائے اوورسیز پاکستانی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا ہے کہ موجودہ سال بیرون ملک مقیم 40 ہزار سے زاید پاکستانیوں کی شکایت کا ازالہ کیا گیا ہے جبکہ وفاقی محتسب کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کیلیے مختلف ممالک کے سفارتخانوں، مقرر کردہ فوکل پرسنز نے 12 ہزار سے زاید شکایتوں پر کارروائی کی۔ گزشتہ روز پریس کلب میں وفاقی محتسب دفتر کے علاقائی انچارج سینئر ایڈوائزر سید انوار
حیدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر یکجا سہولیاتی مراکز پر 28 ہزار شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا گیا، اس دوران سہولیاتی کمشنر کو بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے 700 سے زاید شکایات براہ راست موصول ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب میں شکایت کی نہ کوئی فیس ہے اور نہ ہی وکیل کی ضرورت ہے،یہاں ہر شکایت کا فیصلہ 60 روز میں کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2021 میں اب تک وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد عمومی شکایات موصول ہوچکی ہیں، جن میںسے ایک لاکھ 2 ہزار سے زائد کے فیصلے بھی کیے جاچکے ہیں۔ کراچی آفس میں اب تک 98 فیصد سے زاید لوگوںکو ریلیف دیا جاچکا ہے۔
