English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گیس بحران مزید بڑھے گا سیکرٹری توانائی, حکومت کا گھریلوصارفین کو ایل این جی دینے سے انکار

القمر

اسلام آباد (صباح نیوز/ آن لائن) سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ گیس بحران مزید بڑھے گا۔ حکومت نے گھریلو صارفین کو ایل این جی دینے سے انکار کردیا۔ سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ گیس کی فراہمی 15جنوری تک مزید کم ہوجائے گی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہوا جس میں بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ زیر غور آیا‘ کمیٹی ارکان بجلی کے بل زیادہ آنے پر پھٹ پڑے اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں انڈسٹری کے بجلی بل بہت زیادہ آئے ہیں۔ سینیٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ میرا لاجز میں بجلی کا بل 32 ہزار روپے سے زاید آیا ہے‘ 18ہزار362 روپے بجلی قیمت اور باقی ٹیکسز شامل ہیں جس پر سیکرٹری پاور آصف حسین نے کہا کہ میرا بجلی کا بل بھی اتنا ہی آیا ہے۔ سینیٹر ثنا جمالی نے کہا کہ کوئٹہ میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہے مگر بل بہت زیادہ آرہے ہیں۔ پاور ڈویژن حکام نے اجلاس کو بتایا کہ اکتوبر میں فرنس آئل، ایل این جی اور کوئلہ مہنگا ملا جبکہ 15 جنوری تک گیس کی فراہمی مزید کم ہوجائے گی۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی کا معاہدہ 2015ء میں ختم ہوچکا ہے ابھی تک اس حوالے سے کچھ نہیں کیا جا سکا‘ اس سے پاور ڈویژن اور اداروں کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے یقین دلایا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں معاہدہ ہوجائے گا۔ چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ گالیاں کھاتے ہیں ‘بیوروکریٹس کو کوئی نہیں پوچھتا ہم اس لیے پریشان بیٹھے ہیں کہ اپنے حلقوں میں جائیں کیسے؟ ۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ کراچی میں گیس بحران کی وجہ سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناع ہے ‘جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو عام صنعتوں اور کیپٹیو پاور پلانٹس کی گیس منقطع کرنے سے روک دیا ہے‘ سردیوں میں گھریلو صارفین کی گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے‘سندھ ہائی کورٹ میں مذکورہ کیس کی اگلی سماعت30 تاریخ کو ہے جس پر میں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ جلد سماعت کی درخواست کر کے اپنا مؤقف پیش کریں کہ ہمیں گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنی ہے‘ موسم سرما میں دیگر شعبوں کی گیس روک کر گھریلو صارفین کو گیس سپلائی دے رہے ہیں‘ ایک حد سے زیادہ گیس سستی نہیں دے سکتے۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک کے گیس کے ذخائر میں سالانہ 9 فیصد کمی آرہی ہے اس طرح گزشتہ 2 برس میں 18 فیصد کی کمی ہوگئی ہے جتنی گیس ہمیں سسٹم سے2 سال پہلے مل رہی تھی وہ آج ہمیں 18 سے 20 فیصد کم مل رہی ہے جبکہ گھریلو اور صنعتی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ جو گیس باہر سے آتی ہے یعنی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بہت مہنگی ہے، اس وقت اگر حکومت 8 سے 10 ارب روپے کا ایک کارگو خریدے اور اسے گھریلو صارفین کے لیے پائپ لائن میں فراہم کیا جائے تو حکومت کو صرف ایک ارب روپے واپس ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت 3 ہزار روپے کی گیس مقامی پائپ لائنز میں 200 روپے کی دے تو نقصان ہوگا اس لیے ایک حد سے زیادہ وہ گیس فراہم نہیں کی جاسکتی۔سندھ میں گیس کی بندش کے معاملے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کے درمیان ناراضی کا معاملہ حل ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دونوںکے درمیان معاملہ حل کرادیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں گورنر سندھ نے کراچی میں گیس پریشر نہ ہونے کا معاملہ سامنے رکھا۔ ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے جلد کراچی میں گیس کا مسئلہ حل کرانے کی بھی یقین دہانی کرا دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے