English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مہنگائی 19.83 فیصد تک پہنچ گئی،پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کو 5 سال قید کی سزا ہوگی

القمر

اسلام آباد/ لاہور (آن لائن/ نمائندہ جسارت) ملک میں مہنگائی کا راج بدستور برقرار ہے اور ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں0.40 فیصد اضافہ سے مہنگائی کی مجموعی شرح 19.83فیصد ہوگئی‘پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کو5 سال قید کی سزا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی جس کے مطابق ماہانہ 17ہزار تک کمانے والوں کے لیے مہنگائی کا ریکارڈ 22 فیصد کے قریب پہنچ گیا‘ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.40 فیصد کا اضافہ ہوگیا، رواں ہفتے کے دوران 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘ ٹماٹر، ایل پی جی، لکڑی مہنگی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118روپے30 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد ا س کی قیمت 2355 روپے سے بڑھ کر 2463 روپے ہوگئی‘ ٹماٹر فی کلو5 روپے42 پیسے مہنگا ہوگیا‘ چینی کی فی کلو قیمت میںایک روپے 32 پیسے کا اضافہ اور انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5 روپے 30 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘ دال ماش کی فی کلو قیمت میں3 روپے47 پیسے، لکڑی کی فی من قیمت میں3 روپے43 پیسے کا اضافہ ہواجبکہ صرف5 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ایک ہفتے کے دوران آلو 2 روپے50 پیسے فی کلو سستے ہوا‘ پیاز، گڑ اورآٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی جبکہ چاول، کوکنگ آئل سمیت23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ علاوہ ازیں ذخیر اندوزوں کے خلاف ترمیمی ایکٹ پنجاب بھر میں نافذ کردیا گیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے صوبے میں ذخیرہ اندوزی کر نے والوںکے خلاف اہم قانون کی منظوری دیدی‘ نئے قانون کے تحت جرم ثابت ہونے پر ذمے داروں کو 3 سے 5 سال تک قید اور جرمانے کی سزا ہوسکے گی۔گورنر پنجاب نے ضروری اشیا کی ذخیر اندوزی کی روک تھام کے بل 2021ء پر دستخط کر دیے‘ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف پولیس کارروائی کرسکے گی‘ قید کے ساتھ ساتھ اور جنس کی نصف قیمت کا جرمانہ بھی ہوسکے گا۔ حکومت نے تاجران اور کاروباری حضرات کو مذکورہ اجناس کی اسٹاک کی تفصیلات مجاز حکام کو دینے کا پابند بھی کردیا، گورنر پنجاب کا دستخط کرنے کی تقریب میں کہنا تھا کہ نئے قانون کے تحت لازمی اشیائے خورونوش کی ذخیرہ اندوزی قابل تعزیز جرم قرار دیدیا ہے‘ذخیرہ اندوزی کے لیے مختص جگہ کے مالک کو بھی نئے قانون کے تحت سزا اور جر مانہ کیا جاسکے گا‘ ٹرائل کی مدت زیادہ سے زیادہ 90 دن ہوگی ‘جرم ناقابل ضمانت ہوگا‘ عوام کو مہنگائی کی مشکلات سے بچانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت تمام اقداما ت کو یقینی بنائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے