English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

افغانستان انسانی بحران کے دہانے پر

القمر

افغانستان میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی رابطہ کاری کی سربراہ سمانتھا مورٹ کے مطابق افغانستان کی نصف آبادی کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ مورٹ کا کہنا تھا کہ یونیسیف سمیت دیگر امدادی اداروں کو افغانستان میں بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ ان اداروں کو شدید سردی سے قبل افغان عوام تک امداد پہنچانا ہوگی۔ مورٹ کے مطابق یونیسیف چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے اور پاکستانی سرزمین سے افغانستان میں امداد پہنچا رہا ہے لیکن ہر روز سردی بڑھ رہی ہے، پہاڑوں پر برف باری ہو گئی ہے، دیہی علاقوں تک پہنچانا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور اب ان علاقوں تک امدادی سامان پہنچانے میں بہت کم وقت رہ گیا ہے۔
‘انسانی المیہ
گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان نے خبردار کیا تھا کہ ملک ’’انسانی تباہی کے دہانے پر ہے‘‘۔ 38 ملین کی آبادی میں سے 22 فیصد پہلے ہی قحط کے قریب ہیں اور دیگر 36 فیصد کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے -مورٹ کے مطابق غربت کی سطح حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے، خاندانوں کو مایوس کن فیصلے کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ والدین بچوں کو اسکول سے نکال کر ان سے کام کروانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا، کئی خاندان جہیز حاصل کرنے کے لیے کم عمری میں بچیوں کی شادیاں کر رہے، ہم مسلح گروہوں کی طرف سے بچوں کی بھرتیوں کی شرح میں بھی اضافہ دیکھ رہے ہیں۔
ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے صدر پیٹر مورر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امدادی گروپوں کے لیے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے کو تنخواہیں دینا مشکل ہو گیا ہے کیونکہ فی الحال افغانستان میں بینک اکاؤنٹس میں تنخواہوں کی منتقلی کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔ اگست میں طالبان کے قبضے کے بعد سے افغانستان کی معیشت چالیس فیصد تک سکٹر گئی ہے۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ ملک کی گرتی ہوئی معیشت شدت پسندی کے خطرے کو بھی بڑھا سکتی ہے۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کے نمائندے رچرڈ ٹرینچارڈ نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں صورت حال انتہائی مایوس کن ہے۔ اور ہمارے لیے پریشان کن بات یہ ہے کہ حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شدید بھوک دیہی علاقوں سے اب افغانستان کے شہروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ میرے خیال میں اگلے سال افغانستان چار ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد کا مطالبہ کرے گا- کسی بھی ملک کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی انسانی اپیل ہوگی۔

The post افغانستان انسانی بحران کے دہانے پر first appeared on Daily Jasarat News.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے