
کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال2022 میں ’’دی ڈیمو کریٹس پینل‘‘ نے کلین سوئپ کرلیا، 12 نشستوں پر بھر پور کامیا بی حا صل کر لی ہیں۔ دی ڈیمو کریٹس پینل نے13ویں بار کامیابی کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ 25دسمبر بروز ہفتہ صبح 9 بجے سے شام6 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کراچی پریس کلب میں جاری رہی، دی ڈیموکریٹس پینل، انڈپینڈنٹ پینل اور یونائیٹڈ جرنلسٹس پینل نے انتخابات میں حصہ لیا ۔ 1165 اراکین نے انتخابی عمل میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ موصول ہونے والے نتائج کے مطابق ’’دی ڈیمو کریٹس پینل‘‘ کے صدر کے امیدوار فاضل جمیلی785 ‘ عبدالرشید میمن نے 723‘ خزانچی کے عہدے پرعبدالوحید راجپرنے 810‘سیکرٹری کی نشست کیلئے دی ڈیموکریٹس پینل کے محمد رضوان بھٹی 841‘جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر محمد اسلم خان814 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔ جبکہ دی ڈیمو کریٹس پینل نے گورننگ باڈی کی تمام 7 نشستو ں پر اپنے مدمقابل یونائیٹڈ جرنلسٹس پینل اور انڈپینڈنٹ پینل کو کلین سوئپ کیا ہے۔ خلیل احمد ناصر نے788 ووٹ،شازیہ حسن 742ووٹ،محمد فاروق سمیع740 ووٹ، محمد لیاقت مغل679 ووٹ،رسیدمیمونہ ہمدانی(مونا خان)675 ووٹ،سید اطہر حسین651 ووٹ اور سید نبیل اختر650 ووٹ لیکر گوررننگ باڈی کی نشستوں پر کامیاب قرار پائے ۔الیکشن کیلئے1530 اراکین ووٹ کے اہل قرار دیے گئے تھے، جس میں سے 1165اراکین نے حق رائے دہی میں حصہ لیا۔ واضح رہے کہ کراچی پریس کلب کے 1958 میں اپنے قیام سے آج تک ہر سال باقاعدگی سے انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔
