
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسکاؤٹنگ نوجوانوں کی جسمانی، فکری، سماجی اور روحانی نشوونما کی حوصلہ افزائی کرتی ہے تاکہ وہ ذمہ دار شہری کی حیثیت سے معاشرے میں تعمیری اور موثر مقام حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ میں نے زمانہ طالب علمی کے دور میں ایک اسکاؤٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں اور مجھے خیمہ لگانے کا فن اور اس میں قیام کا طریقہ بھی آتا ہے ، 1976 میں ، میں نے یہاں کیمپوں میں چند دن قیام کیا تھا، اس لیے میں آج یہاں آپ کے درمیان رہ کر فخر محسوس کررہا ہوں۔ انہوں نے یہ بات ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال میں منعقدہ 8ویں سندھ اسکاؤٹس کیمپوری کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، چیف پیٹرن اسکاؤٹس سندھ صدیق میمن و دیگر نے شرکت کی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ جماعت ہشتم سے اسکاؤٹ تھے اور انہوں نے تمام ٹریننگ اور کیمپوریز میں حصہ لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اب تک بھی تمام کوڈ شدہ پیغامات(اشاروں کی زبان ) اور اس کی سرگرمیاں یاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ (اسکاؤٹس) مارچ 2022 میں اپنے ہیڈ کوارٹر میں ایک میگا ایونٹ منعقد کرنے جا رہے ہیں اور میں نہ صرف اس تقریب میں شرکت کروں گا بلکہ آپ کے ساتھ کیمپ میں ایک رات قیام بھی کروں گا۔ انہوں مزید کہا کہ آپ کے دل اور روح کو حقیقی اطمینان اس وقت محسوس ہوتا ہے جب آپ کسی بھی امتیاز کے بغیر انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کیمپوری کے شرکاء کو اپنی 1976 کی تصاویر دکھائیں جس میں وہ اسکاؤٹ یونیفارم میں ملبوس تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری ممتاز شاہ اور چیف پیٹرن سندھ اسکاؤٹس صدیق میمن کو اسکاؤٹس لڑکوں اور لڑکیوں کو مناسب تربیت فراہم کرنے پر ان کے عزم کو سراہا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری ممتاز شاہ اور صدیق میمن نے بھی خطاب کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے8ویں اسکاؤٹس کیمپوری کے موقع پر ایک درخت بھی لگایا۔
