
میلبورن(جسارت نیوز)ایشیز سیریز کے تیسرے اور باکسنگ ڈے ٹیسٹ پر میزبان آسٹریلیا نے گرفت مضبوط کر لی۔آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 267رنز پر آئوٹ ہو گئی اور انگلینڈ پر پہلی اننگز میں 82رنز کی برتری حاصل کرلی،جس کے جواب میں انگلش بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور صرف 31رنز پر 4کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ،انگلینڈ کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے ابھی 51رنز درکار ہیں۔پیر کو میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز ایک وکٹ پر61رنز دوبارہ شروع کی تو آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں267رنز پر آئوٹ ہو گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے مارکوس ہیرس76،وارنر38،ٹریوس ہیڈ27،کمنز21، ایلکس کیرے19رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن 4، روبینسن اور مارک ووڈ نے2،2 ،بین سٹوکس اور جیک لیچ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کے جواب میں 82رنز کی برتری حاصل کی۔جواب میں انگلینڈ کے بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور صرف31رنز پر 4کھلاڑی آئوٹ ہو گئے۔حسیب حنیف 7، کریولے5،ملان اور جیک لیچ صفر رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک کپتان جوئے روٹ12اور بن اسٹوکس 2رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
