کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مکان کے چکر میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کی اصل کہانی سامنے آگئی۔
کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ واقعے پر ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار، 2 مخبر سمیت 8 افراد گرفتار ہیں، گرفتار ایس ایچ او اور اہلکار قابل اطمینان جواب نہیں دے سکے ہیں اور ملکیت کے تناز ع پر پولیس کیوں شامل ہوئی یہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔
کراچی چیف کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ جوہر آباد پولیس پارٹی دوسرے تھانے کی حدود میں مکان خالی کروانے گئی تھی، ایک شخص نے مکان بیچا تھا اور اس کے بچے قبضہ نہیں دے رہے تھے جس پر ایس ایچ او اپنی نفری کے ہمراہ دوسرے ضلع میں گیا تھا، اس بات کا کوئی جواز موجود نہیں تھا اور نہ ہی اس کا سینئرز کو علم تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں جوہرآباد پولیس نے پیرآباد تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر مکان پر چھاپہ مارا تھا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد ہلاک اور پولیس اہلکار سمیت 2 زخمی ہوئے۔
قبل ازیں اس مہینے کے آغاز میں بھی اورنگی ٹائون کی پولیس ایک نوجوان طالبعلم کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے میں ملوث پائی گئی تھی جس میں ایس ایچ او اورنگی تھانہ سمیت تین اہلکار گرفتار ہیں .
