اسلام آباد: شہر قائد کے باسیوں کے لئے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد بجلی 4 روپے 80 پیسے فی یونٹ تک مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
کے الیکٹرک کی بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کی درخواستوں پر نیپرا میں سماعت ہوئی، کے الیکٹرک حکام کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سے کے الیکٹرک کو گیس فراہم کی جارہی ہے۔ ایس ایس جی سے گیس فراہمی کا اثر صارفین پر نہیں آتا۔
کے الیکٹرک حکام نے مزید کہا کہ لوکل گیس کے بحران کے باعث آرایل این جی سے بجلی کی پیداوار میں 6 فیصد اضافہ ہوا، نیپرا حکام نے کہا کہ جب گیس مل رہی تو صارفین پر بوجھ کیوں ڈالا جاتا ہے۔
چئیرمین نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی کے یونٹس مہنگے کرنے کی ہی کیوں درخواست کرتا ہے۔ سستے یونٹس کو کیوں نہیں چھیڑتے۔ نومبرکے اعداد وشمار ماہ ستمبرکی بنیاد پرفراہم کئے گئے۔ تکنیکی چیزیں اپنی جگہ تحریری تفصیلات نیپرا کو دیں۔
چیئرمین نیپرا نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، انہوں نے کہا کہ اتھارٹی اعداد وشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔

