English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی کو احتجاج کا حق ہے،بلدیاتی قوانین میں مزید ترمیم ہوسکتی ہیں،سعید غنی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو احتجاج کا حق ہے، بلدیاتی قوانین میں مزیدترامیم ہوسکتی ہیں‘ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا سندھ سے صفایا ہوچکا ہے، پتا نہیں یہ کیا کھا کر یا نشہ کر کے آتے ہیں جو کہتے ہیں کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی۔ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات نہ ہوں کیونکہ ان کو یقین ہے اگر دو چار ماہ میں بلدیاتی الیکشن ہوئے تو ان کا حشر بھی پی ٹی آئی جیسا ہوگا۔ پیر کے روز اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے۔ بلدیاتی قانون میں مزید ترامیم ہوسکتی ہیں، لیکن اس کا اصل فورم اسمبلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ بل پیش ہوا اور بعد ازاں گورنر کے اعتراضات کے بعد دوبارہ اسمبلی میں آیا ہم نے دونوں دفعہ ان کی ترامیم کو لیا لیکن انہوں نے اسمبلی میں اس پر کوئی بات نہیں کی اور باہر چلے گئے اور اسمبلی سے باہر آکر ترامیم کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون میں ترامیم سڑکوں پر احتجاج سے نہیں بلکہ اسمبلی کے فلور پر دلائل دے کر ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلیوں میں احتجاج کرکے عوام کواپنا مؤقف تودیاجاسکتاہے پرترامیم نہیں کرائی جاسکتی۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ موجودہ نااہل اور نالائق وفاقی حکومت نے ملکی معیشت کوآئی ایم ایف کے آگے گروی رکھ دیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ کہتے ہیں گندم چوہے کھاگئے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ فلور ملز کو گندم کریڈیٹ پر دی جاتی ہے، اس میں سے کئی فلور ملز نے ادائیگی نہیں کہ تو خود سندھ حکومت نے نیب کوخط لکھاتھا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں جو آج لوکل گورنمنٹ کی آڑ میں سیاست اور ڈرامے بازیاں کررہی ہیں ان کا ایک ہی مقصد ہے کہ وہ اپنی سیاسی دکانداری کو چمکائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کو اس بات کا یقین ہے کہ اگر صوبہ سندھ میں آئندہ دو سے چار ماہ میں بلدیاتی انتخابات ہوگئے تو ان کا جو حشر ہوگا وہ کسی ذلت سے کم نہ ہوگا ۔ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار ہے اور جیسے ہی حلقہ بندیوں کا کام الیکشن کمیشن مکمل کرلے گا اور اس پر اعتراضات و دیگر معاملات ختم ہوجائیں گے ہم بلدیاتی الیکشن کرادیں گے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کے صدرکی نامزدگی پرمجھے خوشی ہوئی کیونکہ مجھے امید ہے کہ وہ بچا کچھاپی ٹی آئی کاجنازہ یہ صاحب نکالیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے