مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی حکام نے مقبوضہ شمال مشرقی بیت المقدس میں عیساویہ کے مقام پر زیرتعمیر مسجد کا تعمیراتی کام رکوا دیا۔ مقامی فلسطینی رہنما محمد ابو حمص نے بتایا کہ صہیونی بلدیہ نے جنوب مشرقی عیساویہ میں زیر تعمیر مسجد تقویٰ اور اس کے اطراف میں زیرتعمیر دیگر املاک کی تعمیر پر پابندی عائد کردی۔ بلدیہ نے مسجد کی تعمیر روکنے کے لیے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں نے اس مسجد کی تعمیر بغیر اجازت کے شروع کی ہے۔ انہوں نے مسجد کے تعمیر شدہ حصے کو مسمار کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔واضح رہے کہ عیساویہ کا علاقہ بیت المقدس کے ان مقامات میں شمار کیا جاتا ہے ، جو اسرائیلی حکام کی غنڈہ گردی اور آباد کاروں کے جرائم کا گڑھ بن چکے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے فلسیطین کے شہرجنین، رام اللہ، نابلس اور طولکرم میں چھاپا مارکارروائیوں کے دوران حماس کے سینئر کارکن سمیت 13فلسطینیوں کی گرفتار کرلیا۔ غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں تلاشی کے دوران قابض فوج نے سابق اسیر ساید ابوبہا کو بیتونیا سے حراست میں لیا۔ رام اللہ کی مصایف کالونی سے سابق اسیر احمد زید کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مغربی رام اللہ میں بیت لقیا میں تلاشی کے دوران قابض فوج نے سابق اسیر نجیب مفارجہ کو گرفتار کیا۔ اس کے علاقہ اسیر محمد موسیٰ کے بیٹے صالح موسیٰ کو گرفتار کیا ۔طولکرم میں تلاشی کے دوران 2 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔
بیت المقدس میں مسجد کی تعمیر روک دی گئی
القمر
