English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کشمیریوں کو اپنا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کرنا ہو گا، راجہ محمد فاروق حیدر خان

مظفراباد: سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیرپر 74سالوں سے اپنی قراردادوں پرعملدرامد کرانے میں ناکام رہا ہے، اور کشمیر کے مسئلے کا کوئی حل نہیں نکلا، کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے قربانیوں کی تاریخ رقم کر رہے ہیں، ریاست جموں وکشمیرکے عوام جومسئلہ کشمیر کے پرنسپل فریق ہیں کواب خود دنیا کے ایوانوں اورانسانی حقوق کے اداروں کا ضمیرجنجھوڑنے کے لیے حکمت عملی کے ساتھ نئے راستے تلاش کر کے اپنے حق خوداردیت کے حصول کے لیے آگے بڑھ کر کام کرنا ہو گا۔ یوم حق خودارادیت پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اورہندوستان دونوں اسٹیس کو برقرار رکھنے پرراضی نظر آتے ہیں۔ کشمیردو ممالک کے درمیان کوئی سرحدی یا زمینی تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ ریاستی عوام کے بنیادی حق خودارادیت کا مسئلہ ہے جس میں پرنسپل پارٹی اورمتاثرہ فریق کشمیری عوام ہیں، جن کی مرضی اوررائے کے بغیر کوئی بھی حل قبول نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 74 سال قبل اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دینے کا وعدہ کیا لیکن یہ ادارہ اپنی ان قراردادوں پر عملدرامد کرانے میں بری طرح ناکام رہاہے، راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہندوستان نے 5 اگست2019 کو جو اقدامات کیے وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، لیکن ہندوستان کوان اقدامات سے روکنے میں یہ ادارہ بے بس نظر آتا ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آج پوری دنیا میں کشمیری عوام اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کو یہ باور کرا رہے ہیں کہ وہ اپنی جدو جہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق نہیں مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی ان اداروں کو جان لینی چاہے کہ خطے کے اندر مستقل اور پائیدار امن کے قیام کا راستہ کشمیر سے ہو کر گزرتا ہے، راجہ فاروق حیدرخان نے کہا کہ عمران نیازی حکومت مسئلہ کشمیرپر پاکستان کی مروجہ پالیسی سے دستبردار ہو چکی ہے، 5 اگست 2019 سے پہلے انہیں معلوم تھا کہ موودی کیا کرنے والا ہے لیکن اس کو روکنے کے لیے سفارتی سطح پر کوئی موثر اورمظبوط اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیریوں کو خود اپنا مقدمہ دنیا کے اندر پیش کرنا ہو گا، پاکستان ہمارا مظبوط وکیل ہے، پاکستان کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے لیکن موجودہ حکومت کشمیریوں کی تحریک اور ریاست کے تشخص کو ختم کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے، عمران نیازی نے جس طرح آزاد کشمیر کے آئین، قانون اور ضابطوں کی دھجیاں بکھیر کر خطے کے لوگوں کے حق رائے دہی کوغصب کیا ہے اور ان سے پانچ سال کے لیے حکومت سازی کا حق چھینا ہے، ان سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے کیا توقع کی جاسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے