English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قازقستان ،عوامی احتجاج پر صدر نے کابینہ برطرف کردی،ایمرجنسی نافذ

القمر

الماتے(صباح نیوز)قازقستان کے صدر نے ملک میں جاری احتجاج کے باعث کابینہ کو برطرف کرکے وزیراعظم کا استعفیٰ منظورکرلیااور ان کی جگہ پہلے نائب وزیراعظم علی خان سمائلوف کو نئی کابینہ کی تشکیل تک وزیراعظم نامزد کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق قازقستان کے صدر قاسم جومارت نے کابینہ کو برطرف کرکے ملک کے سب سے بڑے شہر الماتے میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قازقستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شدید احتجاج کیا جارہا تھا۔ صدر نے قائم مقام کابینہ کو فوری طور پر پیٹرولیم منصوعات کی پرانی قیمتیں بحال کرنے کا حکم دیا۔ صدر نے کہا کہ 180دن کی مدت کے لیے قیمتوں کی حد مقررکرنے کی خاطر ایک عارضی قانون دوبارہ لایا جائے گا، اس کے علاوہ صدر نے قائم مقام کابینہ کو حکم دیا کہ وہ پیٹرول، ڈیزل اور عام شہریوں کے استعمال کی اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اپنا دائر کار بڑھائے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات الماتے میں پولیس اور ہزاروں مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا جس میں مظاہرین نے حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس اور مظاہرین کے تصادم میں پولیس نے آنسو گیس اور اسٹن گرینیڈ کا بھی استعمال کیا۔قازقستان میں کشیدہ صورتحال کے باعث میسنجر ایپلی کیشن، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کو بند کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے