English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک میں بارش اور برفباری نظام زندگی متاثر ،8 افراد جاں بحق،گوادر ایئرپورٹ بند

القمر

اسکردو/ مظفر آباد / اسلام آباد/ کوئٹہ /لاہور/ پشاور/ کراچی (خبر ایجنسیاں/ اسٹاف رپورٹر) ملک میں بارش اور برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگئی ‘ مختلف حادثات کے نتیجے میں8 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گوادر ائرپورٹ بند کر دیا گیا‘ آزاد کشمیر،چاروں صوبوںکے مختلف علاقے سیلاب کی زد میں آگئے ‘ پروازیں متاثرہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بارش اور برفباری جاری رہے‘ برفباری کے باعث اسکردو کی اسلام آباد سے فضائی سروس اور درجنوں بالائی علاقوں سے زمینی رابطہ معطل ہوگیا جبکہ معمولات زندگی متاثر رہے اور لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ۔اسکردو سمیت بلتستان میں برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں8 انچ برفباری اور میدانی علاقوں میں 4انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی‘ اسکردو کا درجہ حرارت منفی5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی10ڈگری سینٹی گریڈتک گرگیا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ برفباری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے بھی جاری رہے گا۔ گلیات میں جاری برف باری کے سلسلے کے دوران منگل کی شام سے بدھ تک 8 انچ تک برف پڑ چکی تھی جس کے باعث گلیات کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی۔بلوچستان میں ہونے والی طوفانی بارش کے بعد شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے سبب نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا‘ متعدد علاقے سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ گوادر ائر پورٹ پر بھی گھٹنوں گھٹنوں پانی کھڑا ہوگیا ۔ سی اے اے نے گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ 6 جنوری (کل) تک تمام فضائی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے‘حکومت بلوچستان نے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظرگوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارشوں سے طغیانی آگئی، بجلی کا نظام متاثر، ضلع کیچ کے بیشتر دیہات زیر آب آگئے‘ پسنی، جیوانی، سر بندر اور دیگر علاقوں میں متاثرین کو خوراک اور شیلٹر فراہم کیے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بادل خوب برسے ،سردی کی شدت بڑھ گئی۔کراچی اور حیدرآباد کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے‘سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا‘ کراچی میں بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا‘شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا‘ سندھ کے ضلع دادو میں بارش کے باعث بھینسوں کے باڑے کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 3افراد جاں بحق ہو گئے‘2زخمی ہوگئے۔ کراچی میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہونے والی بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور چھت گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے۔ بلدیہ ٹائون مواچھ گوٹھ بسم اللہ کالونی میں رات گئے تیز بارش کے دوران خستہ حال گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں45 سالہ عبدالستارجاں بحق جبکہ12 سالہ بچہ رشید ولد رستم زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب گولیمار میںحاجی مرید گوٹھ سبحان مسجد کے قریب گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ کورنگی بلال کالونی میں بٹر کمپنی کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک 30 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوا۔دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکپتن، لودھراں، چنیوٹ، چکول، پیرمحل اور وہاڑی میں بادل خوب برسے ۔خیبرپختونخواکے ضلع ٹانک میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی‘ پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارش کے باعث پختونخوا میں3 افراد جا ں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں بارش کا سلسلہ اگلے24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، بونیر، ایبٹ آباد اور وزیرستان میں مزید برفباری متوقع ہے ۔ شمالی وزیر ستان میں برفباری ہوئی، لوئر دیر میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا ‘ ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔آزادکشمیر کے ضلع مظفر آباد، وادی نیلم، بھمبر اور مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے