مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقے نابلس میں فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ شہید ہونے والے فلسطینی کی عمر 21برس اور نام باقر ہشاش بتایا گیا ہے۔ اسے مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے نواح میں سر میں گولی ماری گئی۔ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت اسرائیلی فوج نابلس کے قریب ایک مہاجر کیمپ میں کارروائی کر رہی تھی۔دوسری جانب انسانی حقوق کی اسرائیلی تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2014 کے بعد 2021 میں سب سے زیادہ فلسطینی شہید کیے گئے۔ اسرائیلی تنظیم کے مطابق 2021 ء میں اسرائیل کے ہاتھوں 313 فلسطینی شہید ہوئے ، جن میں بڑی تعداد بچوں کی بھی شامل ہے۔ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی بتسیلم نامی تنظیم نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ 2021 ء فلسطینیوں کے لیے خونی سال رہا ، جس میں 71 بچوں سمیت 313 فلسطینی شہید ہوئے ، جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2014 ء کے بعد فلسطینیوں کے لیے سب سے ہلاکت خیز سال 2021 ء رہا۔ اسرائیلی سیکورٹی فورسز کی جانب سے بہیمانہ تشدد اور براہ راست فائرنگ کی پالیسی نے کئی بچوں کی زندگیاں چھین لیں۔ سب سے زیادہ شہادتیں مئی میں حماس کے ساتھ ہونے والی جنگ کے دوران ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے 2021 ء میں مشرقی بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں سیکڑوں رہایشی مکانات کو بھی مسمار کیا ۔
The post نابلس ، اسرائیلی فوج نے فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا appeared first on Daily Jasarat News.
