
سڈنی (جسارت نیوز):عثمان خواجہ کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز 416 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ عثمان خواجہ 137اور اسٹیون اسمتھ67رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے اسٹورٹ براڈ نے 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ عثمان خواجہ نے نہ صرف نویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی بلکہ ٹیسٹ کیریئر کے 3ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 13 رنز بنالیے اور اس کو میزبان ٹیم کی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے403رنز کی ضرورت ہے ۔جمعرات کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں جاری ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 126 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسٹیون اسمتھ 6اور عثمان خواجہ4رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی 2 وکٹیں جلد گر جانے کے بعد محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے چوتھی وکٹ پر قیمتی 115رنز کی شراکت داری قائم کی۔ا سٹیون اسمتھ اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 60 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد اسٹورٹ براڈ کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کیمرون گرین 5، ایلیکس کیری 13،پیٹ کمنز 24رنز بناکر آئوٹ ہوگئے ان کے بعد عثمان خواجہ کی عمدہ اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ انفرادی 137 رنز بناکر براڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔مچل سٹارک 34 اور نیتھن لیون 16 رنز پر کھیل رہے تھے کہ میزبان ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اننگز 416 رنز 8کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ انگلینڈ کی طرف سے اسٹورٹ براڈ نے 5 جبکہ جیمز اینڈرسن،مارک ووڈ اور جو روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 13رنز بنالیے تھے اور اس کو آسٹریلوی اننگز کاا سکور برابر کرنے کے لئے 403 رنز کی ضرورت تھی۔ حسیب حمیداور زیک کرائولی بالترتیب 2،2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔
