
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کی برادر تنظیموں کا اجلاس دفتر جماعت اسلامی حیدرآباد میں منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کی۔ اجلاس میںنائب امیرعبدالقیوم شیخ، جنرل سیکریٹری ظہیر الدین شیخ ،تنظیم اساتذہ کے جاوید اخلاق،نیشنل لیبر فیڈریشن کے شکیل احمد شیخ، جے آئی یوتھ کے صدر عرفان قائمخانی، اسلامی جمعیت طلبہ کے رافع قاضی، جمعیت طلبہ عربیہ کے سکندر بلیدی ، تحریک محنت کے ہاشم نقی و دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔اجلا س میں بلدیاتی انتخابات ، کراچی دھرنا حمایت ، حق دو حیدرآباد مہم ، حیدرآباد کی تباہ حالی ، بلدیہ ، ایچ ڈی اے اور گیس و بجلی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرںکے سلسلے میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بھرپور شرکت کے حوالے سے منصوبہ بندی کی گئی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ، نااہل اور امریکا کے غلام حکمرانوں نے ملک کو تباہی و بربادی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی و کرپشن نے لوگوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ملک کو مسائل کو دلدل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن کر سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے عادلانہ نظام میں ہے ہمیں اپنی زندگیوں کو اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن وسنت کے احکامات کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔ عقیل احمد خان نے برادر تنظیموں کے ذمے داران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنی فیلڈ میں رابطے کو منظم بنائیں اور قرآن و سنت کی دعوت کو ہر فرد تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
