اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو(نیب) نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال معزز پارلیمان کو انتہائی عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں وہ پہلے بھی پی اے سی کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے اور اب بھی جب پی اے سی اور دیگر پارلیمان کی کمیٹیوں کے اجلاس میں بلایا جائے گا تو شریک ہوں گے۔ نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب نے سیکرٹری قومی اسمبلی کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹیوں میں نیب کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر کی نمائندگی کے حوالے سے میڈیا میں گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، حقیقت میں خط سیکرٹری قومی اسمبلی کو لکھا گیا تھا جس میں ان کو مطلع کیا گیا تھا کہ چیئرمین نیب ذاتی مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکتے کیونکہ ان کے قریبی عزیز سخت علیل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نیب ہیڈکوارٹرز کو پرنسپل اکاؤنٹنگ افسر کی حیثیت سے نمائندگی کا اختیار دیا گیا۔ پارلیمنٹ کے احترام کے طور پر ڈی جی نیب ہیڈکوارٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ذاتی طور پر پی اے سی کے اجلاس میں شریک ہوں اور معزز پارلیمنٹرین کے تمام سوالات کے جوابات کے علاوہ معزز پارلمنٹیرین کو صورتحال سے آگاہ کریں۔ 3 جنوری 2022ء کو نیب کی طرف سے لکھے گئے خط کو واپس تصور کیا جائے ۔
