English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میرپورخاص: شوگر ملز کو بلاوجہ بند کر نے پر کاشتکاروں کا ہنگامی اجلاس

القمر

 

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) شوگر ملوں کو بلاوجہ بند کرنے پر کاشتکاروں کا ہنگامی اجلاس، حکومت سندھ اور شوگر ملوں کی تنظیم پاسما سے شوگر ملوں کو فوری چلانے کا مطالبہ دیگر صورت میں شوگر ملوں کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق شوگر ملوں کی بندش کے خلاف کاشتکاروں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں عمر بھگیو، آمین پہنور، حاجی ممتاز مری، ملوک راجڑ، اللہ بچایو راجڑ، غلام مصطفیٰ بھگیو اور دیگر نے شرکت کی اجلاس کے بعد کاشتکاروں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شوگر مل مالکان نے کاشتکاروں کو گنا شوگر ملوں کو دینے کیلیے کہا تھا اور ہم نے گنا شوگر ملوں کو بھیجنا شروع کر دیا اور اب شوگر مل مالکان نے تین روز قبل بلاوجہ کاشتکاروں کو بلیک میل کرنے کیلیے شوگر ملوں نے گنے کی کرشنگ بند کر دی ہے اور تمام شوگر ملوں کے باہر پانچ سو سے 6 سو تک گنے سے بھری گاڑیاں کھڑی ہیں جس کی وجہ سے گنے کا وزن کم ہو رہا ہے اور گاڑیوں کا نقصان بھی ہو رہا ہے اس کے علاوہ ضلع تھرپارکر سے گنے کی فصل کو کاٹنے کیلیے آنے والے مزدور بے روزگار بیٹھے ہیں ان کا خرچ بھی ہمیں برداشت کرنا پڑ رہا ہے اور اگر گنے کی فصل کی کٹائی نہیں ہو گی تو گندم کی کاشت بھی متاثر ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے بھی ملاقات کی ہے لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آ سکا ہے ۔انہوں نے حکومت سندھ اور شوگر مل مالکان کی تنظیم پاسما سے مطالبہ کیا ہے کہ شوگر ملوں کو فوری چلایا جائے دیگر صورت میں شوگر ملوں کے سامنے دھرنا دیا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گنے کی قیمت پر کوئی اختلاف نہیں ہے حکومت نے گنے کی فی من قیمت ڈھائی سو مقرر کر رکھی ہے لیکن شوگر مل مالکان کبھی قیمت بڑھا دیتے اور کبھی مقررہ قیمت پر گنے کی خریداری کرتے ہیں اگر سرکاری قیمت سے گنے کی قیمت رکھی گئی تو کاشتکار احتجاج کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے