کراچی (اسٹاف رپورٹر)22ویں نیشنل سینئرز کپ کے سدرن زون کے میچز رواں ہفتے کراچی میں شروع ہوئے۔ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان نے ایک بیان میں کہاکہ پی وی سی اے مسلسل 22 سالوں سے اس نیشنل سینئرز کپ کا انعقاد کر رہا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ملک کے تمام صوبوں سے بہت سی سٹی ٹیمیں کھیلتی ہیں۔ اس سال ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 32 شہروں میں سے 95 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں لاہور سے 25 اور کراچی سے 10 ٹیمیں ریکارڈ تعداد میں حصہ لے رہی ہیں۔ حیدرآباد اور بلوچستان کی ٹیمیں کراچی میں اپنے میچ کھیل رہی ہیں۔40 سال سے زائد عمر کے کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے اہل ہیں۔ ناردرن ریجن کے میچز شروع ہو چکے ہیں اور اس ٹورنامنٹ کا فائنل 27 مارچ 2022 کو لاہور میں کھیلا جائے گا، سدرن زون کا فائنل 13 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔نیا ناظم آبادا سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں گولڈ برج ویٹرنز نے عمر انٹرپرائزز ویٹرنز کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ گولڈ برج نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ عمر انٹرپرائزز 20ویں اوور کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز ہی بنا سکی۔گروپ اے میں ڈینم کرافٹ، فیکٹ ڈیٹ، حسین حبیب، ایس آئی گلوبل، اے او ویٹرنز اور بلوچستان ویٹرنزشامل ہیں۔
