
کراچی ( اسٹاف رپورٹر)صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے سندھ اسمبلی کے باہر جاری دھرنے کے 13ویں روز خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین سے متصادم سندھ حکومت کے بلدیاتی ترمیمی بل کی واپسی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، کیوں کہ یہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے حقوق پر ڈاکا اور سندھ دشمنی پر مبنی کالا قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حقوق پر ڈاکے کے خلاف اہل کراچی استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں جس میں مرد وخواتین ، بزرگ وبچے بھی شامل ہیں، پیپلزپارٹی نے مذاکرات کے لیے وفد بھیج کر عوام کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی ہے لیکن 4 دن گزرجانے کے باوجود ابھی تک کوئی اجلاس نہیں ہوا ہے، جمہوریت کی دعویدار پیپلزپارٹی نے دونوں مرتبہ ترمیمی بل اسمبلی سے اپنی عددی قوت سے عجلت میں منظور کرایا اور جماعت اسلامی سمیت اپوزیشن جماعتوں کو نظرانداز کیا، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یونین کونسل بنانے سے لے کر منتخب نمائندوں وبلدیاتی اداروں کو اختیارات تک کراچی تا کشمور ایک قانون ہونا چاہیے،بلدیاتی کالاقانون واپس لیا جائے۔
