ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) خلیجی ممالک کے ادیبوں، مصنفین اوردانشوروں نے ’’ایمریٹس ائرلائن فیسٹیول آف لٹریچر ‘‘کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ یہ کتب میلہ آیندہ ماہ فروری میں شروع ہونے والا ہے۔ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی عرب تنظیم ’گلف کولیشن اگینسٹ نارملائزیشن کے ترجمان کے مطابق یہ بائیکاٹ اسرائیلی ناول نگار اور مصنف ڈیوڈ گراسمین کی میلے کی سرگرمیوں میں شرکت کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پرایک پوسٹ میں اتحاد نے خلیجی ادیبوں اور دانشوروں کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے اسے خراج تحسین پیش کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ میلے میں اسرائیلی مصنف گراسمین کی شرکت کی اطلاع کے بعد کیا گیا فیصلہ جرأت کا مظہر ہے۔
