نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے اپنی جنرل اسمبلی میں 11 ممالک کا ووٹنگ کا حق معطل کر دیا ۔ اس اقدام کی وجہ ان ممالک کی جانب سے سالانہ واجبات کی عدم ادائیگی ہے۔ اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اگر اقوام متحدہ کا کوئی رکن ملک اپنے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کرتا ہے تو وہ جنرل اسمبلی میں اپنے ووٹنگ کے حق سے محروم ہو جائے گا۔ اقوام متحدہ کے بیان کے مطابق ان ممالک نے 2020ء اور 2021ء سے متعلق اپنے واجبات ادا نہیں کیے۔ ووٹنگ کے حق سے محروم ہونے والے ممالک کی فہرست میں اینٹگوا اینڈ بربوڈا، کانگو، گنی، پاپوا نیو گنی، وینوآتو، ایران، صومالیہ، سوڈان، ساؤٹومی اینڈ پرینسپ ، وینزویلا اور جزائر کومرو شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے بیان کے مطابق ایران کے واجبات 1.8 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔ سوڈان پر واجبات 3 لاکھ ڈالر ، صومالیہ پر 15 لاکھ ڈالراور جزائر کومرو پرواجبات 4.12 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہیں۔ اقوام متحدہ نے ان میں سے 3ممالک جزائر کومرو، صومالیہ اور ساؤٹومی اینڈ پریسنیپ کو جنرل اسمبلی کے چھیترویں اجلاس کے اختتام تک ووٹنگ کی اجازت دی ہے۔دوسری جانب ایران نے فنڈ کی کمی کے لیے امریکی پابندیوں کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتیریس کا کہنا تھا کہ 5ممالک کو کو اپناحق رائے دہی بحال کرانے کے لیے 75 ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ایران کو اپناحق بحال کرنے کے لیے ایک کروڑ 80لاکھ ڈالر سے زیادہ ادا کرنے ہوں گے۔
