English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی:تھانے کے قریب عمارت سے بڑی تعداد میں مدفون جنگی اسلحہ برآمد

کراچی میں پولیس نے نیپیئر تھانے کے قریب ایک مکان میں بڑی تعداد میں زیرِ زمین چھپایا گیا جنگی اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔خیال کیا جارہا ہے کہ یہ ہمسایہ ملک میں نیٹو کے زیر استعمال رہنے والا اسلحہ ہے. کراچی اولڈ سٹی ایریا میں ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے پرانے اسلحے اور گولہ بارود کی اطلاع پر بڑا آپریشن کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مخصوص عمارت کو گھیرے میں لے کر مختلف حصوں کی کھدائی جاری ہے جبکہ ابتدائی طور پر فرش سے پرانے زنگ آلود ہتھیار برآمد ہوئے۔پولیس کاکہنا ہے کہ جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کو فرش کے نیچے دبایا گیا تھا جبکہ آپریشن کے دوران اینٹی ایئر کرافٹ گن سمیت دیگر پرانے ہتھیاروں کو فرش کے نیچے سے نکالا گیا۔پولیس کے مطابق ہتھیاروں کو پلاسٹک میں لپیٹنے کے بجائے براہ راست زمین میں دفن کیا گیا تھا جبکہ عمارت کے دیگر مخصوص حصوں کی بھی کھدائی کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ اور دوسری ٹیم کے دیگر  افسران بھی آپریشن میں موجود ہیں جبکہ مزید اسلحہ زمین میں دفن ہونے کی اطلاعات ہیں۔ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ لیاری میں لی مارکیٹ کے قریب نیپئر تھانے کے سامنے گلی میں یہ 60،70 سال پرانا مکان واقع ہے۔ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ مکان کی بالائی منزل پر کوئی فیملی رہتی ہے جبکہ گراؤنڈ فلور کو برتنوں کا گودام بنایا گیا تھا، کھدائی کے دوران دس بارہ سال قبل دفن کیا گیا اسلحہ اور اسکے پارٹس ملے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی کسی گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نہیں بلکہ ذاتی طور پر ملنے والی اطلاعات پر کی ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں برآمد ہونے والے اسلحے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے