لاہور: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آمدن کم اوراخراجات زیادہ ہوں تو مہنگائی زیادہ لگتی ہے، اگلی حکومت بھی تحریک انصاف کی ہوگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ صحافیوں کو صحت کارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، صحافیوں کو صحت کی بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی، پرائیویٹ ہسپتال میں صحافیوں کو صحت سہولیات دستیاب ہوں گی، وزیراعظم نے کے پی میں سب سے پہلے صحت کارڈ شروع کیا جو کامیاب رہا، صحت کارڈ اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے، پرائیویٹ سیکٹر کیلئے سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحت کا زیادہ پیسہ عمارتوں پر لگادیا جاتا ہے، صحت کارڈ میں سب کو علاج کی سہولت دستیاب ہوگی، غریبوں کو بھی امیروں جیسی علاج کی سہولت دستیاب ہوگی، صحت کارڈ سے زیادہ سفید پوش طبقے کو فائدہ حاصل ہوگا، تمام پریس کلب کے ممبران کو صحت کارڈ بننے جارہے ہیں، ہرصحافی کی فیملی کو 10 لاکھ روپے کی سہولت دستیاب ہوگی،
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرویز خٹک اور حماد اظہر کی بات کو غیرضروری طور پر اچھالا گیا، لوٹ مار کرکے بھاگنے والے معیشت پر لیکچر دے رہے ہیں، تحریک انصاف کے علاوہ کوئی جماعت تمام سیٹوں پر امیدوار نہیں اتارسکتی، عمران خان کے علاوہ کوئی اور قومی لیڈر نہیں، پورے پاکستان میں ووٹ بنک ہے، اگلی حکومت بھی تحریک انصاف کی ہوگی، آئندہ پانچ سال بھی وزیراعظم عمران خان کی حکومت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ عمران خان کو مہنگائی نے غیر مقبول کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان کا کراچی سے خیبر تک، لاہور سے پشاور تک، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ہر جگہ ووٹ بینک ہے، 1100 سیٹوں پر الیکشن ہونے ہیں، پی ٹی آئی کے علاوہ کسی دوسری جماعت کی حیثیت نہیں کہ وہ اتنی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کر سکے، ن لیگ پنجاب کی جماعت ہے، پیپلز پارٹی سندھ کی اور جے یو آئی خیبر پختونخوا کے چند علاقوں کی جماعت ہے، الیکشن آنے دیں، میدان بھی سامنے ہوگا، ہم دکھائیں گے کہ الیکشن کیسے لڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آمدن کم اور اخراجات زیادہ ہوں تو مہنگائی زیادہ لگتی ہے، 10 سال میں 23 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، پی ٹی آئی کی حکومت 32 ارب ڈالر قرضہ واپس کرچکی ہے، نوازشریف لندن کی سب سے مہنگی پراپرٹی میں بیٹھے ہوئے ہیں، لندن میں زرداری ہوٹل کا مہنگا ترین اپارٹمنٹ لے کر رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، اپوزیشن کے مارچ کا شور پہلے دن سے سنتے آرہے ہیں، 5 فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، کسانوں کو کھاد کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں، پاکستان میں عالمی مارکیٹ کے مقابلہ میں سستی کھاد میسر ہے،

