
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان واپسی کے معاہدے سے متعلق وزارت داخلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ کی تشکیل دی گئی خصوصی وزارتی کمیٹی نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان واپسی معاہدے سے متعلق اہم فیصلے کییہیں ۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خصوصی وزارتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور مشیر برائے داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر ودیگر نے شرکت کی۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ برطانیہ کے ساتھ مجرمان واپسی کے معاہدے پر بہترین عوامی مفاد میں دستخط کیے جائیں گے ۔ معاہدے کو وفاقی کابینہ میں لے جانے سے پہلے برطانیہ سے مزید مشاورت کی جائے گی‘ معاہدے سے پاکستان اور برطانیہ اپنے سزا یافتہ مجرمان کو ایک دوسرے کے ممالک واپس بھیج سکیں گے۔معاہدے سے صرف ایسے شہریوں کو واپس لانے کی اجازت ہوگی جن کو متعلقہ عدالتیں سزا سنا چکی ہیں۔ برطانیہ سے مشاورت کے بعد معاہدے کو وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ مجرمان واپسی معاہدے سے متعلق مذاکرات کا پہلا راؤنڈ اکتوبر2019ء میں منعقد ہوا تھا۔
