English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تعلیمی اداروں کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس بے نتیجہ ،آج پھر غور ہوگا

القمر

کراچی/ اسلام آباد/ لاہور (اسٹاف رپورٹر/ خبرایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا اس معاملے پرآج پھر غور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اہم اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے نئی مجوزہ پابندیوں کی تجویز دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق تعلیمی اداروں کی صورتحال سے متعلق این سی اوسی کا اجلاس آج منگل کو دوبارہ ہوگا، جس میں مثبت شرح کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم اسکول بند کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ اجلاس کے شرکا نے پانچویں لہرمیں شدت پر تشویش کا اظہارکیا۔این سی اوسی نے صوبوں کو48 گھنٹے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پابندیاں عاید کریں‘ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ کورونا کیسزشرح کو مدنظر رکھ کرکیا جائے گا۔ چیئرمین نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین کورونا میں مبتلا ہو گئے‘ انہوں نے خو دکو گھر پر قرنطینہ کر لیا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح کراچی میں رہی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 30.83 فیصد ریکارڈ ہوئی۔لاہور میں13.05 فیصد، اسلام آباد میں 10.75 فیصد اور حیدر آباد میں مثبتکیسز کی شرح 10.68 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ پاکستان میں کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 7 افراد انتقال کر گئے اور 4340 نئے مریض بھی سامنے آئے۔ ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 49809 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 4340 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی‘ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.71 فیصد رہی۔ ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29019 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 28 ہزار 487 تک پہنچ چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک بیان میںکہا کہ صوبے میںگزشتہ24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید6 مریض دم توڑ گئے جبکہ 17725 ٹیسٹ کرانے سے 3238 نئے کیسز سامنے آئے‘ 260 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ بیان کے مطابق 3238 نئے کیسز میں سے 2446 کراچی سے سامنے آئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے