دبئی(جسارت نیوز)آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ائر کا اعلان کردیا ،ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے ٹیم کا بھی بابر اعظم کو کپتان مقررکیا گیا ہے۔ اس طرح بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے نمبر ون بلے باز آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائرکے کپتان منتخب ہوئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان بھی ٹیم میں شامل ہیں ۔ قومی کپتان نے 6ون ڈے میچز میں 67کی اوسط سے 405رنز بنائے،فخر زمان نے 6میچز میں 365رنز بنانے کے ساتھ جنوبی افریقا کے خلاف 193 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔سال کی بہترین11 رکنی ٹیم میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن، مشفیق الرحیم اور مستفیض الرحمان بھی شامل ہیں۔ سری لنکا کے اسٹار کھلاڑی ونندو ہاسارنگا اور دشمنتھ چمیرا بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ ،سمی سنگھ جبکہ جنوبی افریقا کے جانیمن ملان اور وین ڈوسن بھی سال کی بہترین ٹیم میں شامل ہیں۔ ٹی 20کی طرح ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھی کوئی بھارتی کرکٹر شامل نہیں کیا گیا۔

