لاہور میں خاتون ایڈیشنل سیشن جج کو دوران سماعت دل کا دورہ پڑ نے پر میو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ پیر کو خاتون ایڈیشنل سیشن جج امبرین قریشی معمول کے مطابق اپنی عدالت میں پہنچیں۔ امبرین قریشی نے عدالتی قواعد کے تحت مختلف مقدمات کی سماعت کی، اسی دوران انہیں دل میں تکلیف محسوس ہوئی۔ طبیعت بگڑنے پر عدالتی عملے نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو طلب کرلیا۔ ریسکیو 1122 کے رضاکاروں نے فاضل جج صاحبہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد میو اسپتال منتقل کردیا۔ میو اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امبرین قریشی کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ اس وقت وہ زیر علاج ہیں۔ طبی عملے کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کی حالت کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

