English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ن لیگ سیاسی جماعت نہیں مافیا کی طرح آپریٹ کررہی ہے،وزیراعظم

القمر

اسلام آباد(صباح نیوز +آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، ایک مافیا کی طرح آپریٹ کررہی ہے،انہوں نے ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگوں کو استعمال کیا ہے۔پیر کو وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں، مجرموں سے ڈیل قوم سے غداری کے مترادف ہے۔وزیراعظم نے ترجمانوں سے کہا کہ کرپشن کے خلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، احتساب اور کرپشن کے خلاف بیانیہ پر ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، عوام کو بتائیں کیسے یہ ماضی میں عدلیہ کو دباؤ میں لاتے رہے، کیسے (ن) لیگ نے رفیق تارڑ کو بریف کیس دیکر بلوچستان بھیجا، عوام کو بتائیں، رانا شمیم نے کہاں بیٹھ کر بیان حلفی تیار کیا، عوام کو بتایا جائے۔عمران خان نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معیشت کے بارے میں مسلسل مثبت اشارے دے رہے ہیں، معیشت درست سمت میں ترقی کررہی ہے، کاروباری کمپنیاں ریکارڈ منافع کما رہی ہیں، معیشت کی ترقی کے اثرات جلد عوام کو منتقل ہوں گے،کرپشن کے خلاف بیانیہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔وزیراعظم کاکہنا تھاکہ میں نے عدالت میں تمام پرانی رسیدیں پیش کیں، میرا شریف فیملی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں، شہباز شریف بتائیں ملک مقصود کون ہے، ایک چپڑاسی کے اکاونٹ سے 1600 کروڑ روپے شہباز شریف کے اکاونٹ میں گئے،10 ہزار تنخواہ والے چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اتنی بڑی رقم کیسے آئی، شہباز شریف سے چپڑاسی، پاپڑ والے اکاؤنٹس میں اتنی بڑی رقوم پر جواب مانگیں۔انہوںنے کہا کہ شریف فیملی اپنی کرپشن پر کوئی جواب نہیں دیتی، ان میں کوئی اخلاقیات نہیں، وہ کس منہ سے ہمارے اوپر الزامات لگاتے۔عمران خان کے بقول شریف فیملی کی کوئی اخلاقی ویلیوز نہیں ہے، کرپشن کرنے والا اپوزیشن لیڈر بنا بیٹھا ہے۔ ذرائع کے مطابق معاون خصوصی احتساب و مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے استعفے کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھاکہ شہزاد اکبر نے مشکل حالات میں بہترین کام کیا، مافیا کے خلاف ان کا کام قابل تعریف ہے، اب وہ جانا چاہتے تھے۔ وزیراعظم نے ترجمانوں اور فواد چودھری کو اہم گائیڈ لائنز دیں، ترجمانوں نے وزیراعظم کی گزشتہ روز کی تقریر کو سراہا۔ارکان نے مشورہ دیا کہ سب کو کہہ دیں کہ کسی سے ڈریں مت، تمام پارٹی ارکان کو کھل کر بات کرنے کی ہدایت دیں۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان خصوصی اقتصادی زون کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے