English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی ،اومی کرون کیسز کی تعداد 297 ہوگئی،کورونا سے 23 روز میں 68 اموات

القمر

کراچی/اسلام آباد/لاہور(اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جسارت/خبر ایجنسیاں) کراچی میں اومی کرون کیسز کی تعداد 297 ہوگئی‘کورونا سے 23 روز میں 68 اموات ریکارڈ ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابقکراچی میں کورونا سے اموات کے پچھلے 2 ماہ کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔محکمہ صحت کے مطابق جنوری کے 23 روز میں شہر میں 68 افراد انتقال کرگئے جب کہ نومبر 2021ء میں 53 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے تھے ۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ کورونا سے سب سے زیادہ24 اموات ضلع شرقی میں ہوئیں۔دوسری جانب شہر میں اومی کرون کیسز کی تعداد297 ہوگئی ہے جہاں 117 کیسز کراچی کے ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے اور 57 کیسز ضلع جنوبی سے سامنے آئے۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 77 کیسز بیرون ملک سے آنے والوں میں رپورٹ ہوئے۔کراچی انتظامیہ نے ضلع جنوبی کے 3 سب ڈویژنز گارڈن، صدر اور سول لائن کے علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ۔ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں عیدگاہ لین گلی نمبر 8 سے 11 کا علاقہ شامل ہے جبکہ ڈیفنس سن سیٹ اسٹریٹ فیز 2، نیول ہائیٹس، رومی اسٹریٹ کلفٹن، کلفٹن ٹاور، مکی مسجد محمدیہ، اقبال لین ایل بلاک، بوٹ بیسن، خیابان شاہین اور خیابان بدر کے ایک گھر میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔کراچی کے ایکسپو ماس ویکسی نیشن سینٹر میں عملے نے کام بند کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ یقین دہانی کے باوجو د9 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں۔خیرپور پولیس ٹریننگ سینٹر میں 200 پولیس اہلکاروں کو کورونا کی زائد المیعاد ویکسین لگادی گئی۔ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت پولیس اہلکاروں نے خود وڈیو بنا کر وائرل کردی۔ اہلکاروں کا مؤقف ہے کہ ویکسین پر دسمبر2021ء تک قابل استعمال ہونے کی میعاد لکھی ہے۔وڈیو سامنے آنے پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ ڈاکٹر کامران فضل نے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کامران فضل کا کہنا ہے کہ وڈیو میں جو تفصیلات فراہم کی گئیں ہیں اس کی تحقیقات کررہے ہیں، ڈسٹرک ہیلتھ آفس خیرپور کے توسط سے ویکسین متعلقہ ادارے نے فراہم کی تھی۔ ملک میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جان لیوا وائرس سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 8 افراد انتقال کرگئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 57 ہزار 701 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 7195 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ مثبت کیسز کی شرح 12.53 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 1113 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔سندھ میں5اموات ریکارڈ اور2319نئے کیسز ریکارڈ ہوئے۔تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اور ان کی اہلیہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ‘ دونوں میاں بیوی نے خود کو قرنطینہ کرلیا ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مساجد اور عبادت گاہوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے اور علمائے کرام مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں تعاون کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے