دبئی (جسارت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )ایوارڈز کا میلہ پاکستانی کرکٹرز نے لوٹ لیا، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آئی سی سی کا سرگار فیلڈ سوبرز ایوارڈ اپنے نام کر لیا جبکہ آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بابر اعظم اورانگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔شاہین پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے سرگار فیلڈ سوبرز جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔شاہین شاہ آفریدی کو یہ ایوارڈ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ملا، انہوں نے 2021کے دوران 36میچوں میں 22.20کی اوسط سے 78وکٹیں حاصل کیں۔شاہین آفریدی کا اس موقع پر کہنا ہے کہ سال 2021 میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی۔دوسری جانب سال میں متعدد اعزازات اپنے نام کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔آئی سی سی نے بیان میں کہا کہ حالانکہ بابر نے سال میں صرف 6ایک روزہ میچز کھیلے لیکن انہوں نے پاکستان کے لیے ایک روزہ میچز کی 2 سیریز میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔6ایک روزہ میچز میں بابر نے 67.50کی اوسط سے 405رنز بنائے۔آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے بابر اعظم کے مدِ مقابل بنگلا دیش کے شکیب الحسن، جنوبی افریقا کے جینیمن ملان اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ تھے۔بابر نے سب سے زیادہ 228 رنز جنوبی افریقا کے خلاف 3 ایک روزہ سیریز میں بنائے جس میں پاکستان نے 2 کے مقابلے ایک میچ سے کامیابی حاصل کی تھی۔اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم بابر نے مجموعی طور پر 177 رنز اسکور کیے تھے۔اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم نے اپنے مداحوں، آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ٹیم نے مجھے سپورٹ کیا ان کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا اور مجھے ایسی ٹیم پر فخر تھے۔بابر نے کہا کہ میرے لیے گزشتہ سال کی بہترین اننگز انگلینڈ کے خلاف 158 رنز کی اننگ تھی جہاں مجھے مشکل پیش آرہی تھی لیکن اس اننگ سے اعتماد ملا۔اسی طرح جنوبی افریقامیں جیتنا ایک مشکل کام ہے، مختلف پچز ہوتی ہیں، ان کی بولنگ بہت معیاری ہے لیکن وہاں جا کر سیریز کے جیتنے سے ہمیں بہت مومینٹم حاصل ہوا اور اس سے بحیثیت ٹیم اور بحیثیت کپتان مجھے بہت اعتماد ملا۔ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے جس ملک میں جائیں وہاں جا کر ان کے خلاف رنز کیے جائیں۔انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔مستقل مزاجی اور متعدد مسحور کن پرفارمنسز کی بنیاد پر آئی سی سی مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ انگلینڈ کے جو روٹ نے اپنے نام کیا۔ 2021میں انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی انتہائی ناقص رہی تاہم جو روٹ تن تنہا مخالف بولرز کا مقابلہ مستقل مزاجی سے کرتے رہے۔جو روٹ ٹیسٹ کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا محمد یوسف کا ریکارڈ تو نہ توڑ سکے تاہم وہ کیلنڈر ایئر میں 1700 سے زائد رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔انہوں نے گزشتہ سال 29 اننگز میں 6 سنچریز کی مدد سے 1708 رنز بنائے ہیں ۔ٹیسٹ کیلنڈر میں جو روٹ سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز صرف2 کھلاڑیوں ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز (1710) اور پاکستان کے محمد یوسف (1788) کے پاس ہے۔اس شاندار پرفارمنس کی بنیاد پر انہیں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔وہ یہ ایوارڈ جیتنے والے دوسرے انگلش بلے باز ہیں۔اس سے قبل 2011 میں انگلینڈ کے سابق کپتان ایلسٹیئر کک نے یہ ایوارڈ جیتا تھا۔آئی سی سی ون ڈے پلیئر آف دی ایئر بننے پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر اعظم کو آئی سی سی ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔بابر اعظم کی جانب سے بھی آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر منتخب ہونے پر فینز کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔قومی بیٹر کا کہنا ہے کہ خوش قسمت ہوں کہ اتنی اچھی ٹیم میرے ساتھ موجود ہے، آئی سی سی اور پی سی بی کا بھی شکر گزار ہوں۔یاد رہے کہ آئی سی سی نے پلیئر آف دی ایئر کے لیے بابر اعظم، شکیب الحسن، ینامن ملان اور پال اسٹرلنگ کو نامزد کیا تھا لیکن قرعہ پاکستان کے بابر اعظم کے نام نکلا۔
