English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سابق برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

القمر

فٹبال کے مایہ ناز برطانوی کھلاڑی اور لیورپول فٹبال کلب کے سابق فٹ بالر مائیکل اوون 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی اسپورٹس کے مطابق مائیکل اوون گلوبل ساکر وینچرز (جی ایس وی) کے تعاون سے پاکستان میں بین الاقوامی فٹبال کو فروغ دینے کے لیے پاکستان آئے ہیں۔

دورے کے دوران ان کی آرمی چیف سے ملاقات بھی متوقع ہے اس کے علاوہ وہ صدر پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

مائیکل اوون جی ایس وی کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے پروگرام کا خاکہ پیش کرنے کے علاوہ 26 جنوری کو کراچی میں این ای ڈی فٹ بال گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

مائیکل اوون نہ صرف انگلینڈ بلکہ دنیا کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور 2001 میں ورلڈ پلیئر آف دی ایئر اور 1998 میں بی بی سی کی اسپورٹس پرسنالٹی آف دی ایئر رہے۔

مائیکل اوون کے دورے کے پروگرامز میں اہم ملاقاتوں کے علاوہ فٹ بال شائقین کے گڑھ، لیاری کا دورہ بھی شامل ہے۔

ساتھ ہی ساتھ مایہ ناز فٹ بالر 27 جنوری کوپاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

مائیکل اوون کے ساتھ بین الاقوامی فٹ بال کوچز بھی پاکستان آئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سابق انگلش فٹبالر کو پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کے لیے سفیر مقرر کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ مائیکل اوون انگلش پریمیئر لیگ، ریئل میڈر، لیورپول ایف سی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

وہ انگلش پریمیئر لیگ کے کم عمر ترین 100 گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ لیگ کے 10 سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شمار ہوئے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے