اسلام آباد: قومی ایئر لائن کو منافع بخش ادارہ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق قومی ایئرلائن کا 5 سالہ بزنس پلان تیار کر لیا گیا جس میں کامیابی 4 اقدامات سے مشروط کی گئی ہے۔
کارگو اور چارٹرڈ بزنس اہم قرار جبکہ مداخلت اور اثرورسوخ کا خاتمہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی فنانشل ری اسٹرکچرنگ اور 2019 کی پالیسی پر مکمل عمل کی شرط رکھی گئی ہے۔
ایاٹا کا تیار کردہ 5 سالہ بزنس پلان وزارت خزانہ کو منظوری کے لیے پیش کردیا گیا، عملدرآمد ہونے پر پی آئی اے 2024 تک منافع بخش ادارہ بن جائے گا۔
پلان میں طیاروں کی تعداد 29 سے بڑھا کر 49 کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بیڑا 16 بڑے، 27 درمیانے اور 6 جدید طیاروں پر مشتمل ہوگا۔
مسافروں کی تعداد 52 لاکھ سے بڑھا کر 90 لاکھ سالانہ ہونے کا امکان ہے۔ پی آئی اے کے اثاثے 2026 میں 2 ارب 18 کروڑ ڈالر ہوجائیں گے۔

