حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)میونسپل کمشنر حیدرآباد نے گوشت مارکیٹوں کی اصل حالت میں بحالی کیلیے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے پبلک مقامات،نالوں ،نالیوں،گرین بیلٹس اورسڑکوںپر گوشت کی فروخت روکنے کیلیے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ دیا،کئی عشروں بعد پنجرہ پول پر قائم گوشت مارکیٹ کو صفائی،لائٹوں کی تنصیب کے بعد آپریشنل کردیا گیا ، بلدیہ حکام کی چھوٹی گھٹی،فقیر کاپڑ، مارکیٹ ٹاور،لجپت روڈ سمیت کئی علاقوں میں کارروائی درجنوں گوشت فروخت کرنے کے ٹھیلوں پتھاروں کو تحویل میں لے لیا،دکانوں میں گوشت فروخت کرنے والوں کو مارکیٹوں میں منتقل کرنے کی حتمی وارننگ جاری،سوشل میڈیا پر آپریشن میں شریک افسران واسٹاف کے خلاف زہرہ پروپیگنڈابلدیہ حکام نے آفیشل طور پر مستردکردیا،عملے کو بھرپورکارروائی جاری رکھنے کی ہدایت۔تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر شعیب ملک اورمیونسپل کمشنر فاخر شاکر میونسپل کارپوریشن کی ملکیت ایک درجن سے زائد گوشت مارکیٹوں کو اصل حالت میں بحالی کیلیے کوشاں ہیں ،اس ضمن میں شہر بھر میں درجنوں مقامات پر گوشت فروخت کرنے کیلیے نالوں،نالیوں،سڑک کنارے سمیت گنجان آبادی میں لگنے والے درجنوں ٹھیلوں،پتھاروں کوتحویل میں لے لیاگیا ہے جبکہ گشتی ٹیموں کی جانب سے بھی دن رات گوشت کی پبلک مقامات پر فروخت روکنے کیلیے کارروائی جاری ہیں،میونسپل کمشنر نے ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کو لکھے گئے خط میں بتایا ہے کہ بلدیہ حکام گوشت مارکیٹیں،مچھلی مارکیٹیں اصل حالت میں بحال کرنے کیلیے آپریشن کررہے ہیں اورٹھیلوں پتھاروں اوردکانوں پر گوشت کی فروخت روکنے کیلیے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں دفعہ144نافذ کی جائے تاکہ گوشت فروخت کرنے والوں کو مارکیٹوں تک محدود کیاجاسکے،لکھے گئے خط کی کاپی ڈویژنل کمشنر سمیت دیگر حکام کو بھی ارسال کی گئی ہے ،دوسری طرف بلدیہ حکام نے فقیر کا پڑ سے متصل پنجرہ پول میں قائم گوشت مارکیٹ کو صفائی اورلائٹوں کی تنصیب کے بعد آپریشنل کرکے چوکیداروں اوردکانداروں کی سہولیات کیلیے اسٹاف کوتعینات کردیاہے،جبکہ پانی کی فراہمی کیلیے انتظامات کیے گئے ہیں ، شعبہ ٹیکس کے ڈائریکٹر نجی احمد ابڑو،ٹیکس آفیسر عبدالوہاب راجپوت،ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل پیرواحد بخش،اسسٹنٹ ڈائریکٹر توحیداحمد راجپوت،چیف میٹ آفیسر عبدالمقیم شیخ،میٹ انچارج شاہد قریشی کی سرکردگی میں اسٹاف کی بھاری جمعیت نے چھوٹی گھٹی،شاہی بازار،سرے گھاٹ،فقیر کا پڑ،پنجرہ پول،کالی موری،لیاقت کالونی ،لجپت روڈ سمیت کئی علاقوں میں گوشت فروخت کرنے والے2درجن سے زائد ٹھیلوں،پتھاروں،آہنی اسٹالوں کو تحویل میں لے لیا،دوسری طرف میٹ سیکشن لطیف آبادنے انچارج وسیم زئی کی سرکردگی میں آوارہ جانوروں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے نیاپل سبزی منڈی روڈ،بسمہ اللہ سٹی لطیف آباد،صدیق پلازہ پر 17گائیوں کو ذبحہ کردیاجبکہ 30سے زائد گائیوں کو کیٹل کالونی منتقل کیاگیاہے،کارروائی کے دوران بلدیہ عملے کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑااورآوارہ جانوروں کے مالکان اورقصابوں کی بڑی تعداد نے عملے کو کارروائی سے روکنے کی کوشش کی جسے عملے نے ناکام بناتے ہوئے کارروائی مکمل کرتے ہوئے مزید کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیاہے۔
