حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کے لیے نئی پالیسیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز پر اتنی توجہ آج سے پہلے کسی دور حکومت میں نہیں دی گئی، ایس ایم ایز ملکی معیشت کا ایک بنیادی اور اہم ستون ہے۔ بینکوں کے ذریعے قرضے اور کریڈٹ میں درپیش مشکلات کو کم کرنا حکومت کااحسن اقدام ہے جسے سراہنا تاجر برادری پر لازم ہے۔ اوور سیز پاکستانیوں کی 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستانی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کی شرائط و ضوابط پر بھی حکومت اور بینک حکام کو نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ بینکوں سے قرض لینے میں تمام کاروباری حضرات کو طویل اور پیچیدہ مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس کے لیے ملک کے چھوٹے تاجروں کیلیے این او سی کے نظام کی اشد ضرورت ہے۔ الطاف میمن نے کہا کہ اگر وزیراعظم عمران خان اپنے اعلان کردہ پالیسیز پر عمل پیرا ہوتے ہیں تو وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی معیشت بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کی وجہ سے ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگی۔