
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ قطر نیٹو اتحادی نہ ہونے کے باوجود امریکا کا ایک اچھا دوست اور قابل اعتماد ساتھی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امیرِ قطر تمیم بن حمد بن خلیفہ الثانی صدر جوبائیڈن کی دعوت پر امریکا پہنچے ، جہاں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی سیکورٹی، افغانستان میں انسانی بحران اور مغربی ممالک کو توانائی کے ممکنہ بحران پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران امریکی صدر جوبائیڈن نے قطر کو امریکا کا اچھا دوست اور انتہائی قابل اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا وہ قانون ساز اسمبلی سے قطر کو غیر نیٹو اہم اتحادی کا درجہ دلوانے کا کہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بہت پہلے ہی ہوجانا چاہیے تھا۔ واضح رہے کہ اگر امریکی کانگریس قطر کو اہم ترین غیر نیٹو اتحادی کا درجہ دیتی ہے تو قطر کو امریکا سے خصوصی فوجی اور اقتصادی استحقاق حاصل ہوجائے گا اور امریکی اتحادی ممالک سے بھی تعلقات بہتر ہوجائیں گے۔
