حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد میں بڑھتی ہوئی مہنگائی،اشیاء،خورونوش گندم، آٹا، چینی، چاول اوردودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،جگہ،جگہ گندگی کے ڈھیر،سیوریج کی بدترین صورتحال اور ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت کے خلاف حیدرآباد سماجی اتحاد کے چیئرمین محمد ندیم قادری، جنرل سیکرٹری ملک یونس جمال اور سرپرست اعلیٰ حاجی محمد نعیم شیخ کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف سماجی تنظیوں کے ذمے داران میر بالاچ تالپور، سجاد خان، یاسین جتوئی،اظہر منگریو،حاجی فقیر محمد قریشی،جاوید اقبال، ایڈوکیٹ محمد نوید شیخ،مصطفی حیدری،سعید کے کے، اسلم انصاری،شگفتہ مقصود انصاری،مس عدینہ، فرخندہ راجپوت کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں احتجاجی بینر اُٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر اتحاد کے چیئرمین محمد ندیم قادری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں مہنگائی آسمان پر باتیں کر رہی ہیں اور افسران مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ شہری بنیادی اشیاء آٹا،چینی،آئل اور دودھ مہنگے داموں پر خریدنے پر مجبور ہیں۔ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو کوئی روکنے والا نہیں۔ جنرل سیکرٹری ملک یونس جمال نے کہاکہ حیدرآباد مسائلستان بن چکا ہے۔عام آدمی بالخصوص مزدور طبقہ کی قوت خرید جواب دے چکی ہے،جگہ،جگہ گندگی کے ڈھیر سیوریج کی بد ترین صورتحال پر متعلقہ اداروں اور ضلعی افسران کا رویہ قابل افسوس ہے۔ سرپرست اعلیٰ حاجی محمد نعیم شیخ نے کہا کہ ادارے اپنی ذمے داریاں ادا کرنے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکام ہوگئے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور صحت وصفائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔اتحاد کے سابق چیئرمین سجاد خان نے کہاکہ حیدرآباد کے شہریوں کو مضر صحت سرکاری گندم کا آٹا کھیلایا جارہاہے۔گندم کے سرکاری گوداموں میں موجود گندم میں مٹی اور پتھر کی مبینہ ملاوٹ کی خبروں پر حکام کی خاموشی معنی خیز ہے۔ ضلعی افسران گندم،آٹا،دودھ،چاول اور آئل کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں،افسران رسمی کارروائیوں تک محدود ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میں بڑھتی ہوئی مہنگائی،بے روزگاری اور سیوریج کی بدترین صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔
