English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عوام کو ریلیف کے لئے صنعتکار اور تاجر تعاون کریں،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان خصوصی اقتصادی زونز سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے صنعت کاروں اور تاجرتعاون کریں۔ اسلام آباد میں وزیراعظم کی صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے ملاقات ہوئی، جس میں صنعتوں کے فروغ کے لیے طویل المدت پالیسیوں کے تسلسل پر زور دیا گیا جبکہ حکومت اور صنعتکاروں نے کم سے کم ماہانہ اجرت بڑھانے پر اتفاق بھی کرلیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی منڈی میں ہونے والی مہنگائی کا عام آدمی پر پڑنے والے بوجھ کا احساس رکھتی ہے، عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف نے حکومت میں آنے سے پہلے ہی پارٹی منشور میں آئی ٹی اور ٹیکسٹائل برآمدات کی پالیسی شامل کی تھی جس کے ثمرات اب واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک کی 10بڑی کمپنیوں نے پچھلے سال 929 ارب روپے منافع کمایا، حکومت نے سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے تاریخی اقدامات کیے جو پہلے کسی حکومت نے نہیں کیے۔وزیراعظم نے بتایاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات21 ارب ڈالرز کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں جو آئندہ سال تک 26 ارب ڈالرز تک پہنچنے کی توقع ہے،پاکستان دنیا کا چوتھا سب سے بڑا موٹر سائیکل بنانے والا ملک بن چکا ہے جبکہ ٹریکٹرز کی برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہوا جس میں 90فیصد پارٹس مقامی طور پر تیار کیے جارہے ہیں۔عمران خان نے ہدایت کی کہ آئی ٹی اور ٹیکسٹائل کے ساتھ دفاعی پیداوار اور انجینئرنگ کے شعبوں پر توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صنعتوں کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لیے طویل المدت پالیسی پر عمل درآمد کر رہی ہے، کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت صنعتوں نے ریکارڈ منافع کمایا جس کے ثمرات مزدور طبقے کو ملنے چاہییں، اْن صنعت کاروں اور تاجروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری استدعا پر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ چین کے دورے سے پہلے بزنس کمیونٹی سے مشاورت ضروری تھی، حکومت پاکستانی اور چینی صنعت کاروں کے مابین روابط بڑھانے اور مشترکہ بزنس منصوبے (Joint Ventures) قائم کرنے پر بات کرے گی جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار کے فروغ پر ہم توجہ دیں گے جس کی وجہ سے متوسط اور غریب طبقے کے معاشی حالات میں بہتری آئے گی۔ انہوںنے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافہ کے لیے آئی ٹی، زراعت، لائیواسٹاک، مشینری، ٹیکسٹائل سیکٹرز میں بے تحاشہ مواقع موجود ہیں۔ صنعت کاروں نے برآمدات بڑھانے، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ، ٹیکس نظام میں بہتری اور دورہ چین کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن کا پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں اشتراک سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، ملکی ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں پرعمل درآمد میں پورا ساتھ دیں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم کی زیرِ صدارت خصوصی اقتصادی زونز پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس کو رشکئی، دھابیجی، بوستان اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے علاوہ ایم3 انڈسٹریل زون پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں کا کام عوام کو سہولت فراہم کرنا اور عوامی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کرنا ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم کی زیر صدارت ان کے دورہ چین کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کو پاکستان اور چین کے مابین سی پیک، خصوصی اقتصادی زونز، سرمایہ کاری، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے جاری ٹھوس منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کا دورہ چین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے